پارٹی سربراہ جلسہ کیوں نہیں کرسکتا؟کپتان الیکشن کمیشن پر برس پڑے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جہلم میں جلسے کی اجازت نہ دینے اور ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ روکے جانے پر عمران خان حکومت پر برس پڑے کہتے ہیں وہ کون سا جرم کرنے جارہے تھے،حکومتی وزرا تو مہم چلاتے رہے لیکن انہیں کسی نے نہیں روکا، لگتا ہے الیکشن کمیشن بھی حکومتی امیدوار کی مہم چلا رہا ہے۔ بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے جہلم میں جلسے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ بتایا جائے پارٹی کا سربراہ جلسہ کیوں نہیں کرسکتا، تحریک انصاف کا جلسہ پہلے سے طے تھا ،اس وقت کیوں نہیں روکا گیا، حکومتی وزرا جہلم میں انتخابی مہم چلاتے رہے انہیں تو کسی نے نہیں روکا، عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر مل رہا ہے کہ الیکشن کمیشن بھی حکومت کا اپنا ہی ہے۔اس نے جو بھی اقدام کیا وہ غیر جمہوری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ منشور کے سوا کسی کو کچھ نہیں دے سکتے پھر انہیں جلسے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی۔

Source: Daily Pakistan