الطاف حسین کے ساتھی بھارتی لابی کا حصہ ہیں ، متحدہ قائد کو مائنس کیے بغیر کوئی راستہ نہیں : خورشید شاہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے پاس الطاف حسین کو مائنس کیے بغیر کوئی چارہ نہیں بچا ، اگر ایم کیو ایم نے سیاست کرنی ہے تو اپنے قائد کو مائنس کرنا ہو گا ۔انہوں نے انکشاف کیا کہ الطاف حسین کے پاس ایسے لوگ بیٹھے ہیں جو بھارتی لابی کا حصہ ہیں ۔

پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کاہ کہ فاروق ستار نے درست انداز میں اپنا موقف پیش کیا ، انکی پریس کانفرنس سے واضح ہو گیا کہ ان پر شدید سیاسی دباﺅ تھا ، الطاف حسین کا ساتھ دینے والا پاکستان کا مخالف سمجھا جائے گا تاہم لند ن کی جماعت خاموش ہو کر نہیں بیٹھے گی جو نہیں چاہے گی کہ طاقت کراچی منتقل ہو ۔

ایک سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ کہہ دینا کہ پاکستان مہاجروں نے بنایا خام خیالی ہے، ہم نے مہاجروں کی قربانیوں کو سامنے رکھا ۔الطاف حسین پر غداری کا مقدمہ چلانے پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ”آرٹیکل 6کو کتنا بدنام کیا جائے گا ،حکومت نے مشرف پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی پھر باہر بھجوادیا۔ضیاءالحق نے آرٹیکل 6 بنانے والے وزیراعظم کو پھانسی لگا دی۔اپوزیشن لیڈ ر نے مزید کہا کہ حکومت نے پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ے ۔

Source: Daily Pakistan