معروف بھارتی اداکار اوم پوری 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

معروف بھارتی اداکار اوم پوری 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ اوم پوری پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات کے زبردست حامی تھے، جبکہ انہوں نے بالی وڈ کے علاوہ پاکستانی اور برطانوی فلموں میں بھی کام کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معروف اداکار اوم پوری کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ اوم پوری 18 اکتوبر 1950 کو انڈین صوبے ہریانہ کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ اوم پوری مشکل کردار ادا کرنے کے ماہر سمجھے جاتے تھے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے زیادہ تر آرٹ فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے۔

اوم پوری نے اپنی شاندار اور منفرد اداکاری کے باعث بھارت کا چوتھا بڑا سویلین ایوارڈ پدما شری اپنے نام کیا، جبکہ وہ او بی ای ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔

اوم پوری پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن تعلقات کے حامی تھے جس کی وجہ سے انہیں ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کا بھی سامنا رہا ہے، جبکہ وہ کئی بار پاکستان کا دورہ بھی کر چکے تھے۔