گزشتہ سال شہرت کی بلندیوں کو چھونے والا چائے والا نئے سال بھی پرعزم

گزشتہ سال [2016] کسی اور کے لیے اچھا ثابت ہوا ہو یا نہ ہوا ہو پاکستان کے صدر مقام اسلام آباد کے ایک ‘چائے والے’ ارشد خان کے لیے یقیناً بہترین ثابت ہوا، جسے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی محض ایک تصویر نے چائے کے اسٹال سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا اور اب وہ نئے سال بھی نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ سامنے آنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ایک تصویر سے دنیا بھر میں مقبول ہونے والے ارشد خان نے اپنے کیریئر کا آغاز نہایت بہترین انداز میں کیا، انھوں نے ریمپ پر واک کی، متعدد شوز میں شرکت کی اور میوزک ویڈیوز میں اداکاری بھی کی اور اب ارشد خان کی نئی میوزک ویڈیو ‘بے پروائی’ بھی سامنے آ چکی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ اور اداکارہ مسکان جے نے ارشد خان کو اپنی میوزک ویڈیو میں سائن کیا تھا۔ یہ گانا نور جہاں کے گانے ‘تیری بے پروائی’ سے متاثر ہوکر بنایا گیا۔ اس گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ریلیز کردی گئی، جس میں ارشد خان نے بخوبی انداز میں اپنی ‘صلاحیتوں’ کا مظاہرہ کیا۔ ارشد خان بہت جلد اپنے مداحوں کو فلم  میں جلوہ گر نظر آئے گا اور دیکھنا ہے کہ وہ یہ کردار کس طرح نبھاتا ہے۔