پنجاب کے شہری اشتہاریوں کے رحم و کرم پر، 70 ہزار اشتہاری بے لگام

لاہور: (دنیا نیوز) ملزم چاہے جتنا بھی بااثر یا شاطر ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا لیکن پنجاب میں دو، چار یا دس، بیس نہیں بلکہ 70 ہزار کے قریب اشتہاری آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں اور انہیں پکڑنے والے معلوم نہیں کہاں سو رہے ہیں۔

رواں سال 31 اکتوبر تک صوبے میں اشتہاریوں کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار سے زیادہ تھی۔ پولیس نے 1 لاکھ 2 ہزار 889 اشہتاریوں کو گرفتار کر لیا۔ گوجرانوالہ ریجن اشتہاریوں کی عدم گرفتاری میں پہلے نمبر پر ہے جہاں اے کیٹگری کے اشتہاریوں کی تعداد 3143 تک جا پہنچی ہے۔ لاہور ریجن میں اے کیٹگری کے عدم گرفتار اشتہاریوں کی تعداد 641 ہے۔ شیخوپورہ ریجن میں 975 اور فیصل آباد ریجن میں 1400 اشتہاری دندناتے پھر رہے ہیں۔

ستر ہزار کے قریب اشتہاریوں کی عدم گرفتاری پر آئی جی پنجاب پولیس پر برہم ہیں تاہم تاحال وہ اپنے جوانوں سے ان اشتہاریوں کو گرفتار نہیں کرا سکے۔

via: Dunya News