سیاحت فروغ پانے لگی ،30فیصد ہوٹل غیر ملکیوں کی رہائشگاہ بن گئے

ریاض اینڈی…..قیام امن اور سی پیک منصوبےکی وجہ سے ملک ٘میں غیر ملکیوں کی آمد کا سلسلہ بڑھنے لگا ہے، ملک بھر کے30 فیصد ہوٹل غیرملکیوں کی رہائشگا ہ بن گئے ہیں ،سیاحت پر توجہ ہو تو اس سلسلے کو کئی گنا بڑھایا جاسکتا ہے۔

نگار ہستی نے وطن عزیز کو خوب نوازا ہے،پہاڑ، وادیاں،صحرا ، دریا، سمندر اور ہماری ہزاروں سال پرانی تہذیب ، جسے دنیا دیکھنے آتی تھی، اس سلسلے کو بدامنی نے روک دیا تھا لیکن بحالی امن کے ساتھ روٹھے سیاحوں نے بھی پلٹنا شروع کردیا ہے۔

ملکی ہوٹل انڈسٹری اس تبدیلی کا خوب پتا دیتی ہے،ملک کے 70 فیصد ہوٹل بھر گئے ہیں، جس میں 30فیصد حصہ غیر ملکیوں کا ہے۔

چیئرمین پاکستان ہوٹل انڈسٹری کے مطابق سی پیک اور اسے سے جڑے منصوبے اس رجحان کی بڑی وجہ ہے، سیاح اقتصادی راہداری کے تاریخی منصوبے کو دیکھنا چاہتے ہیں، ان میں مشرق بعید، چین اور مشرقی یورپ کے ممالک سے آنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔

اچھی خبر یہ ہےکہ دبئی اور ملائیشیا میں ہونے والی کاروباری ملاقاتیں اب پاکستان میں ہونے لگی ہیں، سست روی سے مگر ملک میں بیرونی سرمایہ کاری زور پکڑ رہی ہے اور غیر ملکی وطن عزیز آکر ارض وطن کی صلاحیتوں کا اعتراف کررہے ہیں۔

سیاح وطن عزیز آئیں گے تو پاکستان کا منفی تاثر مزید کم ہوگا، اس لئے سیاحت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومتوں کی اس سلسلے میں بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد شعبہ سیاحت صوبائی ذمہ داری بن چکا ہے۔

via: Geo news